پولیس پر9 مئی سے متعلق دباؤ ڈالا جا رہا ہے، پولیس کو سیاست میں مت گھسیٹیں: سہیل آفریدی
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق پولیس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، تاہم انہیں فخر ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کسی دباؤ میں آئے بغیر اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ضم اضلاع سمیت پورے صوبے میں سیف سٹی منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو عناصر پولیس پر دباؤ ڈال رہے ہیں وہ باز آ جائیں اور پولیس کو سیاست میں نہ گھسیٹیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے دور رکھا گیا ہے اور حکومت کی جانب سے کسی بھی سطح پر سیاسی مداخلت نہیں کی جا رہی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے، جبکہ بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں کے باعث ماضی میں صوبے کو شدید نقصانات اٹھانا پڑے۔ غلط پالیسیوں کی وجہ سے خطے میں دیرپا امن قائم نہیں ہو سکا۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ 22 برسوں سے قربانیاں دے رہی ہے اور آج بھی فرنٹ لائن پر ہے، تاہم پولیس کی بے توقیری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جو بھی اقدامات کر رہی ہے وہ خلوص نیت سے کر رہی ہے، اور انہیں اپنی پولیس پر فخر ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید بتایا کہ پولیس نے جو مطالبات کیے، حکومت نے انہیں پورا کرنے سے انکار نہیں کیا۔ سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کو صوبے کی “کان اور آنکھ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔
