اسحاق ڈار کا کویتی ہم منصب سے رابطہ،خطے کی صورتحال پر گفتگو
اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی بدلتی صورتحال اور اس کے وسیع معاشی اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کیلئے تعمیری سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے مستقل بنیادوں پر قریبی رابطے میں رہنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
کویتی وزیر خارجہ نے امتِ مسلمہ اور عالمی امن کیلئے پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششوں کو سراہا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔
