ناشتے کی عام چیز وزن بڑھانے کی بڑی وجہ قرار
لندن: اگر آپ وزن کم کرنے کی کوششوں کے باوجود کامیاب نہیں ہو پا رہے تو اس کی ایک اہم وجہ آپ کا روزمرہ ناشتہ بھی ہو سکتا ہے۔
جاپان میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق سفید ڈبل روٹی کا استعمال جسمانی وزن میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ اوساکا میٹروپولیٹن یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سفید ڈبل روٹی اور دیگر ریفائن کاربوہائیڈریٹس والی غذائیں خاموشی سے جسم کے میٹابولزم کو متاثر کرتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق موٹاپا متعدد بیماریوں جیسے امراض قلب، جگر کے مسائل، کینسر اور دماغی امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔ عام طور پر چکنائی کو وزن بڑھنے کی بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے، تاہم تحقیق سے ظاہر ہوا کہ چاول، نوڈلز اور سفید ڈبل روٹی جیسے کاربوہائیڈریٹس بھی اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تحقیق کے دوران چوہوں پر تجربات کیے گئے، جنہیں کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذا دی گئی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ تقریباً یکساں کیلوریز کے باوجود ان چوہوں کے جسمانی وزن اور چربی میں اضافہ ہوا۔
محققین کا کہنا ہے کہ کاربوہائیڈریٹس میٹابولک نظام میں ایسی تبدیلیاں پیدا کرتے ہیں جو وزن بڑھانے کا سبب بنتی ہیں۔ تاہم جب ان غذاؤں کو خوراک سے نکالا گیا تو وزن اور میٹابولزم میں منفی اثرات تیزی سے کم ہو گئے۔
ماہرین نے عندیہ دیا ہے کہ اب اس تحقیق کو انسانوں پر بھی آگے بڑھایا جائے گا تاکہ بہتر انداز میں سمجھا جا سکے کہ کاربوہائیڈریٹس انسانی جسم پر کس طرح اثر انداز ہوتے ہیں۔
