صدر آصف علی زرداری کی ازبک سفیر سے ملاقات، ازبکستان کا پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا عزم

0

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری  سے ازبکستان کے سفیر نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے ازبک صدر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ تک بہتر رسائی، تجارت میں تنوع اور تجارتی سہولت کاری کے نظام کو جلد فعال بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری کے درمیان روابط بڑھانے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی بھی اہمیت اجاگر کی۔

صدر نے علاقائی اقتصادی انضمام کے لیے رابطوں (کنیکٹیویٹی) کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان گوادر اور کراچی بندرگاہوں کے ذریعے گرم پانیوں تک مختصر ترین رسائی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کی حمایت بھی دہرائی اور کہا کہ خطے میں امن و استحکام اس طرح کے منصوبوں کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔

ازبک سفیر نے پرتپاک استقبال پر صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.