پاکستان دنیاکی بہت بڑی جنگ رکوانے میں کامیاب ہوا، مودی فارغ اس کے پلےکچھ نہیں رہا: خواجہ آصف ا

0

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی ایک بڑی جنگ رکوانے میں کامیاب رہا، جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سفارتی محاذ پر ناکام ہو گئے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو مبارک ہو، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت دی ہے اور اسے ایک بااعتماد ثالث کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی طاقت امریکا سمیت دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ گزشتہ روز تک خطے میں جنگ کے گہرے بادل چھائے ہوئے تھے، تاہم فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی کوششیں رنگ لے آئیں اور جنگ بندی ممکن ہوئی۔ ان کے مطابق اس کامیابی کے بعد پاکستان ایک نئے سیاسی دور میں داخل ہو رہا ہے جہاں استحکام اور معاشی بہتری پر توجہ دی جا سکے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت پر مشتمل ہائبرڈ ماڈل نے گزشتہ چند برسوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور جب ریاستی ادارے یکجا ہو کر کام کریں تو پاکستان عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کے پاس اب کچھ نہیں بچا اور بھارتی میڈیا ردعمل دیتا رہے گا، جبکہ پاکستان نے ایک بڑے دشمن کو سفارتی میدان میں شکست دی ہے۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ اب بطور قوم ہمیں داخلی استحکام، معیشت اور دہشت گردی جیسے چیلنجز پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے افغانستان سے متعلق کہا کہ اسے پاکستان کی طویل میزبانی کا احساس کرنا چاہیے، بصورت دیگر پاکستان کے پاس متبادل آپشنز موجود ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.