قومی ہاکی  ٹیم کے  کھلاڑیوں کو قومی اداروں میں نوکریاں دینے کا اعلان

0

لاہور: قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ہیڈ کوچ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی  سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کی، جس میں ٹیم کی کارکردگی اور ہاکی کے فروغ سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

ترجمان پی سی بی عامر میر کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے قومی ہاکی ٹیم کو حالیہ کارکردگی پر مبارک باد دی جبکہ کھلاڑیوں نے ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ خواجہ جنید  نے کہا کہ وہ پی سی بی کے مشکور ہیں جنہوں نے ٹیم کو مدعو کر کے عزت دی۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے وہ کھلاڑی جو اس وقت کسی ملازمت سے وابستہ نہیں ہیں، انہیں قومی اداروں میں نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔

ہیڈ کوچ کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی کہا کہ قومی ہاکی ٹیم آئندہ پاکستان سپر لیگ  کے دوران بھی اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے وزیرِاعظم پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہاکی کی بہتری کے لیے اقدامات کیے۔

قومی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ  نے کہا کہ پرو لیگ میں دستیاب سہولیات کے مطابق ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرنا ان کا کام نہیں، تاہم موجودہ ہاکی فیڈریشن کھیل کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے مزید کہا کہ ہاکی فیڈریشن کھیل کے فروغ کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تین سالہ منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ کپتان عماد شکیل بٹ کے مطابق کھلاڑیوں کے بعض ڈیلیز کے مسائل اب بھی موجود ہیں جنہیں حل کرنے کے لیے فیڈریشن سے بات چیت جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.