پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگز مین کی 5 وکٹوں سے کامیابی، راولپنڈیز کو مسلسل چھٹی شکست
کراچی:پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی تیسری کامیابی حاصل کر لی۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر راولپنڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر راولپنڈیز نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے۔
ٹیم کی جانب سے سیم بلنگز نے 26 اور یاسر خان نے 24 رنز بنائے۔ حیدرآباد کنگز مین کی طرف سے محمد علی اور حنین شاہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں حیدرآباد کنگز مین نے 122 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عرفان خان نیازی 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان مارنوس لیبوشین اور کوشل پریرا نے 32، 32 رنز کی اننگز کھیلیں۔
اس فتح کے ساتھ حیدرآباد کنگز مین 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ فور میں پہنچ گئی ہے، جبکہ راولپنڈیز کو ایونٹ میں مسلسل چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اب تک کوئی میچ جیتنے میں ناکام رہی ہے۔
