چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے قومی ہاکی ٹیم کی ملاقات، کھلاڑیوں کو ملازمتیں اور طبی سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان

0

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ  محسن نقوی  سے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ  کی قیادت میں کھلاڑیوں نے ملاقات کی۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے ٹیم کو آٹھ برس بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی اور ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں کی محنت کو سراہا۔

چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ جو ہاکی کھلاڑی اس وقت کسی ملازمت سے وابستہ نہیں ہیں انہیں قومی اداروں میں نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ زخمی ہاکی کھلاڑیوں کے علاج کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ برداشت کرے گا اور فٹنس و میڈیکل کے حوالے سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی ماضی کی طرح آئندہ بھی ہاکی کھلاڑیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد کرے گا۔ انہوں نے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی پاکستانی ہاکی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھرپور حمایت پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔ ٹیم کے کوچ خواجہ جنید  نے کہا کہ مشکل وقت میں پی سی بی کی جانب سے ملنے والی سپورٹ نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ملاقات کے موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر اور دیگر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.