آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی انعامی رقم کا اعلان، بھارت سرفہرست
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026کے کامیاب اختتام کے بعد ٹورنامنٹ کی مجموعی 11.25 ملین ڈالر کی پلیئرز پرائز منی کی حتمی تقسیم کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق یہ تقسیم 2024 میں انعامی رقم میں کیے گئے ریکارڈ اضافے کے مطابق کی گئی ہے۔ جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کو 225 ہزار ڈالر بطور بنیادی شرکت رقم دی گئی جبکہ باقی رقم ٹیموں کی پوزیشن، میچ جیتنے کے بونس اور مختلف مراحل تک رسائی کی بنیاد پر دی گئی۔
اعلان کے مطابق ٹورنامنٹ کی فاتح بھارتی ٹیم کو 26 لاکھ 39 ہزار 423 ڈالر کی سب سے بڑی انعامی رقم ملی، جبکہ رنر اپ نیوزی لینڈ کو 14 لاکھ 22 ہزار 692 ڈالر دیے گئے۔دیگر نمایاں ٹیموں میں جنوبی افریقہ کو 10 لاکھ 5 ہزار 577 ڈالر اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو 9 لاکھ 74 ہزار 423 ڈالر ملے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹورنامنٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر 5 لاکھ 22 ہزار 692 ڈالر کی انعامی رقم دی گئی۔اسی طرح ویست انڈیز کو 5 لاکھ 38 ہزار 269 ڈالر، زمبابوے کو 4 لاکھ 91 ہزار 538 ڈالر اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کو 4 لاکھ 75 ہزار 962 ڈالر ملے۔
جبکہ افغانستان ،آسٹریلیا اور دبئی کرکٹ ٹیم کو 3 لاکھ 9 ہزار 808 ڈالر فی ٹیم دئیے گئے۔
آئی سی سی کے مطابق اعلان کردہ تمام رقوم گراس پرائز منی ہیں، جن میں گروپ سٹیج، سپر 8 مرحلہ، سیمی فائنل اور فائنل تک رسائی کے بونس شامل ہیں اور یہ رقم کسی بھی ممکنہ ٹیکس یا دیگر کٹوتیوں سے قبل کی ہے۔
