چوتھی پاکستان کلائمیٹ کانفرنس 2026: مصدق ملک کا ماحولیاتی دہشتگردی کے خلاف جہاد پر زور

0

اسلام آباد:چوتھی پاکستان کلائمیٹ کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کو ماحولیاتی دہشتگردی کے خلاف بھی جہاد کرنا ہوگا، کیونکہ موسمیاتی تبدیلیاں ملک کے لیے ایک سنگین قومی سلامتی کا مسئلہ بن چکی ہیں۔

مصدق ملک نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 4 بڑے سیلابوں کے نتیجے میں 19 ہزار افراد مستقل معذوری کا شکار ہوچکے ہیں، جبکہ یہ نقصان معاشی اور اقتصادی خسارے کے علاوہ ہے۔

سینیٹر مصدق ملک کے مطابق ان سیلابوں کے باعث 4 کروڑ افراد بے گھر ہوئے، جن میں سے 50 فیصد اسکول جانے کی عمر کے بچے ہیں، جو تعلیم اور مستقبل دونوں کے لیے خطرناک صورتحال ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک بڑے سیلاب سے ایک پوری نسل غربت کے دلدل میں دھکیل دی جاتی ہے، جس کے اثرات دہائیوں تک رہتے ہیں۔انہوں نے عالمی سطح پر عدم مساوات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 10 بڑے ممالک 70 سے 75 فیصد کاربن کا اخراج کر رہے ہیں، جبکہ یہی ممالک دنیا کی 80 فیصد گرین فنانسنگ بھی حاصل کر رہے ہیں۔

مصدق ملک نے زور دیا کہ موسمیاتی انصاف کے بغیر عالمی ماحولیاتی نظام کو محفوظ بنانا ممکن نہیں، اور ترقی پذیر ممالک کو اس بحران کی قیمت نہیں چکانی چاہیے جو انہوں نے پیدا نہیں کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.