شعائرِ اسلام کی بے حرمتی کیس: یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 30 مارچ تک توسیع

0

کراچی : سیشن کورٹ نے شعائرِ اسلام کی بے حرمتی کے الزامات کے تحت درج مقدمے میں یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 30 مارچ تک توسیع کردی۔

شعائرِ اسلام کی بے حرمتی کے الزام میں یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف درج مقدمے کی سماعت سیشن عدالت کراچی وسطی میں ہوئی۔

عبوری ضمانت پر رہا ملزم رجب بٹ مقررہ وقت کے بجائے تاخیر سے عدالت میں پیش ہوئے۔جس پر وکیلِ مدعی نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ساڑھے 8 بجے کا وقت دیا تھا لیکن ملزم ساڑھے 9 بجے پیش ہوئے۔

وکیلِ مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کی عبوری ضمانت منسوخ کی جائے جبکہ یہ بھی بتایا کہ شواہد پیش کرنے کے لیے مکمل تیاری موجود تھی مگر ملزم کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

اس موقع پر ملزم کے وکلا کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق سرکاری تعطیلات کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔

عدالت نے اس صورتحال پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اس سے قبل بھی ملزم کے وکیل پیش نہیں ہوئے تھے، لہذا آئندہ سماعت کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کروائی جائے۔

بعدازاں ملزم کے وکلا کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کی عبوری ضمانت میں 30 مارچ تک توسیع کردی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.