بے نظیر بھٹو شہید کے بعد نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے نام ایک اور اعزاز
لندن :نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی کی تصویر آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بعد آویزاں کر دی گئی۔ اس موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں ماہرینِ تعلیم کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم سے روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ طالبان کے غیر اسلامی اقدامات کی مذمت کریں اور انسانی حقوق کی بنیاد پر دباؤ ڈالیں۔
ملالہ نے کہا کہ طالبان خواتین اور لڑکیوں کو بنیادی حقوق سے محروم کر رہے ہیں، جس سے افغانستان میں ایک پوری نسل کا مستقبل خطرے میں ہے، تاہم افغان لڑکیاں خفیہ اور آن لائن تعلیم کے ذریعے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پورٹریٹ اسپانسر حامد اسماعیل کے مطابق آکسفورڈ جیسے معتبر ادارے میں ملالہ کی تصویر لگنا پاکستان کے لیے اعزاز ہے۔ اس موقع پر ملالہ کے والدین نے بھی خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔
