عمران خان کو دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی، میڈیکل رپورٹ سامنے آ گئی

0

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی میڈیکل رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق انہیں دائیں آنکھ میں بینائی کم ہونے کی شکایت تھی۔ عمران خان کی فیملی نے پمز ہسپتال کی میڈیکل رپورٹ وصول کر لی ہے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا مکمل معائنہ اڈیالہ جیل میں کیا گیا، جہاں ماہر امراضِ چشم نے تفصیلی طبی جانچ کے بعد دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص کی۔ ماہرین نےہسپتال میں فالو اَپ علاج کی سفارش کی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی رضامندی سے علاج کیا گیا اور تجویز کردہ طریقہ علاج کامیاب رہا۔

 میڈیکل رپورٹ کے مطابق آپریشن تھیٹر میں علاج کا عمل تقریباً 20 منٹ میں مکمل ہوا، جس کے بعد ان کی حالت مستحکم رہی اور معمول کی ہدایات کے ساتھ انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ ان کی فیملی کو فراہم کر دی گئی۔  وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ پمز ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ارسال کی تھی، جسے وزیراعظم کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.