عمران خان کی صحت اتنی خراب نہیں جتنا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے: محمود اچکزئی
اسلام آباد:قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ وہ دعوے سے کہہ سکتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اتنی خراب نہیں جتنا اس حوالے سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کے بعد بیان دیتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ ہم نے احتجاج کا اعلان کیا اور اسی دوران بانی پی ٹی آئی کی بیماری کی باتیں کارکنوں کے ذہنوں میں ڈال دی گئیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں، لیکن درحقیقت ہمیں ہمارے اصل مقصد سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم آزاد الیکشن کمیشن آف پاکستان اور شفاف عام انتخابات چاہتے ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ادارے آئینی حدود میں رہیں اور پاکستان کی تشکیلِ نو کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کریں۔
