عمران خان کے طبی معائنے کیلئے نئی درخواست دائر، صحت سے متعلق معلومات نہ دینا تشویشناک قرار
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کے لیے نئی درخواست دائر کر دی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کے طبی معائنے کے لیے باقاعدہ طور پر نئی درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق آگاہ نہ کرنا انتہائی تشویشناک ہے، حکومت نے اس معاملے میں غیر ضروری تاخیر کی اور مکمل معلومات بھی فراہم نہیں کیں۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو فوری طور پر عمران خان تک رسائی دی جائے تاکہ ان کی صحت سے متعلق پائی جانے والی تشویش کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاقی وزرا کو خود اپنے بیانات پر یقین نہیں تو وہ بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر کیا یقین دہانی کرا سکتے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنمااسد قیصر نے صوابی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومتی وزرا بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق مسلسل جھوٹ بولتے رہے ہیں۔ عمران خان سے ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کی ملاقات تک نہیں کرائی گئی، جبکہ ایک ملاقات سے کوئی آسمان نہیں ٹوٹ جاتا۔
