اب بہت ہوچکا، 18ویں ترمیم سے ہماری نسل کشی ہورہی ہے، کراچی کو وفاق کے تحت لایا جائے: مصطفیٰ کمال

0

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے مطالبہ کیا ہے کہ 18ویں ترمیم کے باعث کراچی کے مسائل سنگین ہوچکے ہیں اور شہر کو آرٹیکل 148 اور 149 کے تحت وفاقی تحویل میں دیا جائے۔

 بہادرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری مسلسل جان و مال کے نقصانات کا سامنا کررہے ہیں اور یہ صورتحال “نسل کشی” کے مترادف ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ شہر میں آتشزدگی، گٹر حادثات اور دیگر سانحات معمول بن چکے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے موثر اقدامات نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات پر جواب میں پرانے واقعات کا حوالہ دے کر ذمہ داری سے بچا جاتا ہے، جو قابل قبول نہیں۔ وفاقی حکومت بھی صوبائی سیاسی دباؤ کے باعث کراچی کے لیے کھل کر اقدامات نہیں کر پارہی۔

وفاقی وزیر صحت  نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں سے اپیل ہے کہ کراچی کو وفاق کے تحت لے کر اسے فنانشل کیپیٹل قرار دیا جائے تاکہ ایک مضبوط اور بااختیار انتظامی نظام قائم ہوسکے۔ ان کے مطابق 18ویں ترمیم کے بعد اختیارات کی تقسیم نے شہری مسائل کو مزید گھمبیر بنایا ہے، جس کا خمیازہ کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے زور دیا کہ اب مزید تاخیر قابل برداشت نہیں، شہر کو وفاق کے ماتحت لاکر فوری اصلاحات کی جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.