لاہور پنجاب کی ضلعی عدلیہ کی تاریخ میں بڑا سنگِ میل، سال 2025 میں ریکارڈ مقدمات کے فیصلے

0

لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کی مؤثر قیادت، جدید اصلاحات اور بہتر کیس مینجمنٹ کے باعث صوبہ پنجاب کی ضلعی عدلیہ نے سال 2025 کے دوران شاندار عدالتی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔

اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 کے دوران صوبہ بھر کی ضلعی عدالتوں میں مجموعی طور پر 38 لاکھ 80 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے اس موقع پر کہا کہ عدالتی نظام میں شفافیت اور بروقت انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی نظام میں جدید اصلاحات، آٹو میشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے باعث مقدمات کے فیصلوں کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے عوام کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی ممکن ہوئی۔

سال 2025 کے دوران صوبہ پنجاب کی تمام سول عدالتوں میں 29 لاکھ 11 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کیے گئے جبکہ اسی عرصے میں 28 لاکھ 57 ہزار 538 نئے مقدمات بھی دائر ہوئے۔

اسی طرح صوبہ بھر کی سیشن عدالتوں میں 9 لاکھ 69 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کیے گئے اور 9 لاکھ 38 ہزار 854 نئے مقدمات دائر ہوئے۔

بہتر عدالتی کارکردگی کے نتیجے میں صوبہ بھر کی سول و سیشن عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کی تعداد کم ہو کر 14 لاکھ 42 ہزار رہ گئی ہے جبکہ سابقہ مقدمات کی تعداد میں 56 ہزار 58 کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

صوبہ بھر کے وکلاء اور سائلین نے ضلعی عدلیہ کی جانب سے ریکارڈ عدالتی فیصلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے پنجاب کی عدالتی تاریخ میں ایک اہم اور قابلِ فخر سنگِ میل قرار دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.