کراچی پولیس کا 100 سے زائد بچوں سے زیادتی کے مرکزی ملزم گرفتار کرنے کا دعویٰ

0

کراچی: کراچی پولیس نے رواں سال کی سب سے بڑی کارروائی میں 100 سے زائد بچوں سے زیادتی کے مرکزی ملزم عمران اور اس کے ساتھی وقاص خان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس پی انویسٹی گیشن عثمان سدوزئی کے مطابق گرفتار ملزمان 2020 سے 2025 تک درجنوں بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں ملوث تھے، اور مختلف اضلاع کے کیسز میں ایک ہی ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا۔

عثمان سدوزئی نے بتایا کہ متاثرہ بچوں کی نشاندہی پر ٹیپو سلطان میں کارروائی کی گئی۔ گرفتار مرکزی ملزم عمران منظور کالونی کا رہائشی ہے اور پنکچر کا ٹھیا لگاتا ہے۔ ملزم نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ اس نے 6 سال کے دوران درجنوں بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا، جنہیں وہ موٹرسائیکل کے ذریعے ملیرندی کے قریب لے جاتا تھا۔

تفتیش کے دوران تین کیسز میں بچوں نے ملزم عمران کو پہچان لیا، جبکہ ایک کیس میں بچے نے عمران اور وقاص خان دونوں کو شناخت کیا۔ ایک واقعے میں ملزمان نے بچے کو سرجانی لے جانے کی کوشش کی، مگر بچے کے شور مچانے پر فرار ہو گئے۔

آئی جی سندھ کے مطابق کیس کی سائنس بنیادوں پر تفتیش کی گئی اور تفتیشی ٹیم کو ان کے کام کے اعتراف میں ایوارڈ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ مضبوط شواہد کی بنیاد پر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر کیس کی پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.