اسلام آباد پولیس کی کارروائی، اندھے قتل کا ملزم 48 گھنٹوں میں گرفتار

0

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے ایک اندھے قتل میں ملوث ملزم کو 48 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سال 2026 میں بھی پولیس کی کامیاب کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور شیخ عبدالرؤف کے قتل کے ملزم واجد خان کو فوری گرفتار کیا گیا۔

ملزم واجد خان کی گرفتاری کے لیے ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد عثمان طارق بٹ اور ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جن میں ایس پی او سی یو سلیمان ظفر، ڈی ایس پی آر ڈی یو سلیمان شاہ، ایس ایچ او آئی نائین کمال خان اور دیگر افسران شامل تھے۔ ڈی آئی جی کے مطابق پولیس نے سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قاتل کو قلیل وقت میں ٹریس کیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم واجد خان گزشتہ تین سال سے سیکٹر ایف10 کے المصطفی ٹاور میں سیکیورٹی گارڈ کی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا اور مقتول عبدالرؤف کا خانسامہ بھی تھا۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ ملزم نے مقتول کی گاڑی بھی ساتھ لے جانے کی کوشش کی تھی جس کی برآمدگی کے لیے کارروائی جاری ہے۔

گرفتار ملزم کو عدالت سے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی محمد جواد طارق نے کہا کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا اور تفتیش جاری ہے تاکہ قتل کی تمام وجوہات اور محرکات سامنے آ سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.