میدانی علاقوں میں برفباری کے شائع شدہ خبروں کو بے بنیاد قرار, این ڈی ایم اے کا الرٹ
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے ماہرین نے میدانی علاقوں میں برفباری کے حوالے سے حالیہ خبروں کو غیر سنجیدہ اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ماہ جنوری کے آخری 15 دنوں کے دوران سردی کی شدت میں معمول کے مطابق اضافہ ہوگا اور اس کے نتیجے میں صرف پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ 18 جنوری سے ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ مغربی ہواؤں کی آمد کے ساتھ ہی خیبر پختونخواہ کے متعدد علاقوں، مغربی بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں بارش بھی متوقع ہے۔ اگلے 3 سے 4 روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں معمول کے مطابق اضافہ ہوگا۔
موسم کی موجودہ صورتحال کے دوران پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید سردی کی لہر کے ساتھ دھند کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ جنوب کی طرف آتی سائبیرین ہواؤں کے باعث شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور شدید سردی کی لہر توقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کے ماہرین نے میدانی علاقوں میں برفباری کے حوالے سے خبروں کو غیر سنجیدہ اور بے بنیاد قرار دے دیا۔ pic.twitter.com/RUU5GLM9QO
— Raja Shafqat Khan (@RajaSK142) January 12, 2026
این ڈی ایم اے نے تمام ممکنہ خطرات اور موسمی صورتحال کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی فراہم کرنے اور ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ این ڈی ایم اے شہریوں سے درخواست کرتا ہے کہ مصدقہ معلومات، ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔
