انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع کی سربراہ پاک فضائیہ سے اعلیٰ سطحی ملاقات، دوطرفہ دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
راولپنڈی: انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) جعفری شمس الدین کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر کے حالیہ دورۂ پاکستان کے تسلسل کے طور پر اہم مانی جا رہی ہے، جس میں دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون، استعداد سازی، تربیت اور تکنیکی شعبوں میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور انڈونیشیا کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مضبوط عوامی روابط پر قائم ہیں۔ انہوں نے مہمان کو پاک فضائیہ کی حالیہ جدت طرازی مہم، انفراسٹرکچر کی ترقی، تربیتی نظام کی ازسرنو تشکیل اور جدید صلاحیتوں کے حصول کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
ائیر چیف نے بتایا کہ یہ اقدامات عصری جنگی تقاضوں کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز میں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری اور تکنیکی برتری کو مستحکم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل برتری اور جنگی تیاریوں کو سراہا اور نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے تحت حاصل کی گئی تکنیکی کامیابیوں کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی خود کفالت کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے تربیت، ہوابازی اور ایرو اسپیس کے شعبوں میں پاک فضائیہ کے ساتھ تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
یہ ملاقات پاکستان اور انڈونیشیا کے دفاعی تعلقات میں بڑھتی ہم آہنگی کی عکاس ہے اور دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی توثیق کرتی ہے کہ بہتر تعاون اور روابط کے ذریعے اس دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
