وزیرِ مملکت فہد ہارون کی سعودی سفیر نواف المالکی سے ملاقات ، ڈیجیٹل میڈیا میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
اسلام آباد: وزیرِ مملکت اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا، جن میں خاص طور پر ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت، جدید ٹیکنالوجی کے اثرات اور بدلتے ہوئے عالمی و علاقائی میڈیا رجحانات شامل تھے۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ابلاغ، معلومات کی ترسیل اور عوامی رابطے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیرِ مملکت فہد ہارون نے پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں حکومتی اقدامات اور مستقبل کی حکمتِ عملی سے سعودی سفیر کو آگاہ کیا، جبکہ سفیر نواف المالکی نے سعودی عرب کے تجربات اور میڈیا کے میدان میں ہونے والی جدت پر روشنی ڈالی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے ڈیجیٹل میڈیا اور ابلاغ کے شعبے میں مسلسل رابطے، تجربات کے تبادلے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا، تاکہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مزید وسعت دی جا سکے۔
