سربراہ پاک فضائیہ کی کمانڈر عراقی فضائیہ سے ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق

0

راولپنڈی :سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سرکاری دورۂ عراق کے دوران کمانڈر عراقی فضائیہ لیفٹیننٹ جنرل سٹاف پائلٹ مہند غالب محمد راضی الاسدی سے ملاقات کی۔

 ملاقات میں دوطرفہ عسکری تعاون اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں مشترکہ تربیت، صلاحیتوں میں اضافے، ایوی ایشن انڈسٹری میں تعاون اور دونوں فضائی افواج کے مابین عملی ہم آہنگی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

عراقی فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک فضائیہ کا تاریخی اور شاندار استقبال کیا گیا، جہاں عراقی فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ یہ اعزاز دونوں فضائی افواج کے مابین باہمی احترام اور برادرانہ تعلقات کا مظہر تھا۔

ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور عراق کے درمیان گہرے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں دونوں برادر ممالک اور ان کی مسلح افواج کے درمیان دیرپا تعلقات کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔

ا سربراہ پاک فضائیہ نے تربیت اور مشترکہ صلاحیتوں میں اضافے کے شعبوں میں عراقی فضائیہ کی مکمل معاونت کے لیے پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں کمانڈرز نے باہمی آپریشنل ہم آہنگی اور مستحکم عملی اشتراک کے فروغ کے لیے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔

کمانڈر عراقی فضائیہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے اسے خطے کی ایک جدید اور ٹیکنالوجی سے لیس فضائیہ قرار دیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے عالمی معیار کے تربیتی نظام کی تعریف کرتے ہوئے عراقی فضائیہ کے لیے جدید اور مستقبل سے ہم آہنگ تربیتی ماڈل کی تشکیل میں پاک فضائیہ کی معاونت حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

عراقی کمانڈر نے پاک فضائیہ کے پائلٹس کے ایکسچینج پوسٹنگ پروگرام میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراقی پائلٹس، پی اے ایف کے جنگی تجربہ رکھنے والے پیشہ ور پائلٹس سے براہِ راست سیکھنے کو بے حد اہمیت دیتے ہیں، جن کا عملی تجربہ عالمی سطح پر مثالی سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی ممکنہ خریداری، سپر مشاق تربیتی طیاروں کی شمولیت اور جامع دیکھ بھال و لائف سائیکل سپورٹ میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔

جنگ کے بدلتے ہوئے رجحانات میں ملٹی ڈومین آپریشنز کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے عراقی ایئر چیف نے منظم مشترکہ تربیت اور بہتر عملی ہم آہنگی کے ذریعے پاک فضائیہ کے وسیع آپریشنل تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی سراہا اور باہمی تزویراتی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورۂ عراق دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینے اور دونوں فضائی افواج کے مابین دیرپا روابط کے قیام کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.