وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صوبے بھر میں اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کی منظوری

0

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس سے فالج کے مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔ اس فیصلے کے تحت پنجاب کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں مرحلہ وار اسٹروک مینجمنٹ سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں اسٹروک مینجمنٹ پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں 30، دوسرے مرحلے میں 15 جبکہ آخری مرحلے میں باقی 24 ضلعی ہسپتالوں میں اسٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ ہر ضلع میں ماہر نیورولوجسٹ اور پیڈز نیورولوجسٹ کی تعیناتی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ ہر سرکاری ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ عارضی بنیادوں پر کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں بھی اسٹروک مینجمنٹ پروگرام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ فزیشنز کو اسٹروک مینجمنٹ کی خصوصی ٹریننگ دی جائے گی اور انہیں ٹی پی اے اور ٹی این کے انجیکشن لگانے کی عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے وسط فروری تک انجیکشن اور علاج سے متعلق تربیت مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا اور ٹی پی اے انجیکشن کی خریداری کی منظوری دی۔ اجلاس میں جدید ترین ٹی این کے انجیکشن فراہم کرنے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کو اسٹروک یا فالج کی علامات سے آگاہ کرنے اور چار گھنٹے کے ’گولڈن آور‘ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہم چلانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں اسٹروک سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں اور بتدریج تحصیلوں تک ان کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا تاکہ کسی بھی مریض کو ایمرجنسی کی صورت میں دور دراز کے شہر نہ جانا پڑے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ فالج کے مریض کو چار گھنٹے کے اندر قریبی اسٹروک سنٹر پہنچانے سے عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکتا ہے، اور ہر مریض کو ایمرجنسی علاج کی سہولت قریبی ہسپتال میں فراہم کرنا ان کا وژن ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.