کوٹ رادھا کشن: چرچ میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج، ملزم گرفتار
کوٹ رادھا کشن: فیروز دین تاک میموریل چرچ میں نامعلوم افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ کے واقعے کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
قصور پولیس کے مطابق چرچ کے انچارج طارق مسیح کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ کل صبح 4 بجے چرچ کھولنے پر دروازے کی جالی ٹوٹی ہوئی، مقدس کتابیں پھاڑ کر نیچے گرائی گئی، کراس مروڑا ہوا اور ساؤنڈ سسٹم سمیت دیگر سامان بھی توڑا گیا تھا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 گھنٹے کی مسلسل محنت کے بعد ملزم اللہ رکھا کو گرفتار کر لیا، جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا۔ ملزم کوٹ رادھا کشن کا رہائشی ہے اور ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او محمد عیسیٰ خان نے کہا کہ اقلیتیوں کی حفاظت قصور پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس قسم کے جرائم کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔
