انتہائی سخت موسم میں بھی ایف ڈبلیو او کی شاندار کارکردگی، خنجراب ٹاپ اور قراقرم ہائی وے ٹریفک کے لیے بحال
اسلام آباد:انتہائی سخت موسمی حالات کے باوجود فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) تجارتی سرگرمیوں اور عوامی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے اہم زمینی راستوں کو کھلا رکھنے میں مصروف ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان 15 ہزار 397 فٹ کی بلندی پر واقع انتہائی اہم زمینی گزرگاہ خنجراب ٹاپ کو کامیابی سے کلیئر کر دیا گیا ہے۔
ایف ڈبلیو او کی ٹیمیں جدید سنو کلیئرنس مشینری کی مدد سے منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجۂ حرارت میں قراقرم ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے رواں رکھے ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق بھاری مشینری کے ذریعے بروقت سڑکوں سے برف ہٹائی جا رہی ہے تاکہ مسافروں اور تجارتی قافلوں کو کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ذرائع کے مطابق شدید سردی، برفانی طوفانوں اور دشوار گزار پہاڑی حالات کے باوجود سڑکوں کو کھلا رکھنا ایف ڈبلیو او کی پیشہ ورانہ صلاحیت، انتھک محنت اور قومی عزم کی واضح مثال ہے۔ ان اقدامات کے باعث نہ صرف مقامی آبادی کو بڑی سہولت میسر آ رہی ہے بلکہ پاک چین تجارتی روابط کو بھی تقویت مل رہی ہے۔
*انتہائی سخت موسم میں بھی ایف ڈبلیو او تجارتی سرگرمیوں اور عوامی سہولیات کیلئے راستوں کو کلیئر کرنے میں مصروف*
pic.twitter.com/D4SYgg5U0C— Raja Shafqat Khan (@RajaSK142) January 2, 2026
ایف ڈبلیو او حکام کا کہنا ہے کہ دشوار گزار اور انتہائی سرد موسم میں سڑکوں کی بحالی اور مسلسل نگرانی ٹیموں کی لگن، مہارت اور قومی ترقی کے عزم کی عکاس ہے، جو ہر حال میں اہم مواصلاتی راستوں کو فعال رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔
