ایران میں کسی غیر ملکی مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے، امریکی صدر کے بیان پر ایرانی وزارت خارجہ کا سخت ردعمل

0

تہران :ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری پر کسی قسم کی غیر ملکی مداخلت کو ہرگز قبول نہیں کرے گا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے داخلی معاملات میں بیرونی دباؤ یا مداخلت ناقابل قبول ہے اور ایرانی قوم اپنے قومی مفادات کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

اس حوالے سے سینئر ایرانی رہنما علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کے بیان سے اب پس پردہ کہانی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام اور امریکی صدر کے مؤقف کو سامنے رکھیں تو حالیہ واقعات کا پورا پس منظر واضح ہو جاتا ہے، جس سے بعض بیرونی عناصر کی نیتوں پر سنجیدہ سوالات جنم لیتے ہیں۔

علی لاریجانی نے مزید کہا کہ ایران میں جاری بعض احتجاجی مظاہروں کو بیرونی ایجنڈے سے جوڑنا درست نہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ احتجاج کرنے والے تاجروں کے مؤقف کو تخریبی عناصر سے الگ سمجھا جانا چاہیے، کیونکہ تاجر طبقہ اپنے معاشی مسائل اور مطالبات کے لیے آواز اٹھا رہا ہے، جبکہ تخریب کاری کی کسی بھی کوشش کو ایران مسترد کرتا ہے۔

ایرانی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بیرونی بیانات اور دباؤ کا مقصد ایران کے داخلی استحکام کو متاثر کرنا ہے، تاہم ایرانی قوم اور ریاست ایسے ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایران کے داخلی معاملات کا احترام کرے اور خطے میں کشیدگی بڑھانے والے بیانات سے گریز کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.