فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی کارکردگی میں نمایاں بہتری، 2025 میں 3005 نامزدگیاں مکمل
اسلام آباد:فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سال 2025 کے دوران بھرتیوں کے عمل میں نمایاں بہتری لاتے ہوئے مختلف وفاقی اداروں میں میرٹ پر تقرریوں کے لیے اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیشن نے رواں سال مجموعی طور پر 3005 نامزدگیاں کامیابی سے مکمل کی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی مجموعی کارکردگی حکومت کے شفافیت کے فروغ کے ایجنڈے کا حصہ ہے، جبکہ کمیشن مختلف وفاقی اداروں میں میرٹ، شفافیت اور اہلیت کی بنیاد پر بھرتیوں اور تعیناتیوں کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق بھرتیوں کے عمل میں یہ بہتری ادارے کے اندرونی اصلاحاتی اقدامات کا نتیجہ ہے، جس کے باعث بھرتیوں کے کیسز نمٹانے کا دورانیہ 18 سے 24 ماہ سے کم ہو کر صرف 5 سے 7 ماہ رہ گیا ہے، جو ایک بڑی انتظامی پیش رفت ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھرتیوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا گیا تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس 2023 (اسپیشل) اور سی ایس ایس 2024 کے تحت ہونے والی بھرتیاں بھی کامیابی سے مکمل کر لی ہیں۔
ایف پی ایس سی کے مطابق سی ایس ایس 2025 کے تحت ہونے والے انٹرویوز میں سے 65 فیصد انٹرویوز مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ باقی عمل مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر فیڈرل پبلک سروس کمیشن میں اصلاحات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے، جس کا مقصد ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ ایف پی ایس سی کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے نہ صرف بھرتیوں کے عمل میں مزید شفافیت آئے گی بلکہ ادارے کی مجموعی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئے گی۔
