ایران جنگ کے معاشی اثرات :سندھ میں موٹرسائیکل چلانے والوں کیلئے سبسڈی کا اعلان کیا گیا، بلاول بھٹو
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران میں جاری کشیدگی کے معاشی اثرات پاکستان سمیت خطے کی معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، جن کا براہِ راست بوجھ عوام مہنگائی کی صورت میں برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر سندھ حکومت نے موٹرسائیکل استعمال کرنے والے شہریوں کیلئے فیول سبسڈی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
بلاول بھٹو زرداری کے مطابق جب ایران میں جنگ شروع ہوئی تو وفاقی حکومت نے 50 فیصد سبسڈی دی اور صوبوں سے بھی عوامی ریلیف کے اقدامات کی درخواست کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے نہ صرف ٹرانسپورٹ سیکٹر کیلئے معاونت کی بلکہ چھوٹے کسانوں کیلئے بینظیر ہاری کارڈ کے تحت 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والوں کو مالی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کو مفت ہوم سولر کٹس دی جا رہی ہیں تاکہ توانائی کے بحران کے اثرات کم کیے جا سکیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ علاقائی کشیدگی کم ہو، جنگ بندی برقرار رہے اور مکمل امن قائم ہو تاکہ ملک کو معاشی دباؤ سے نکالا جا سکے۔
