ٹرمپ کا پاکستان آنے کا اعلان : ایران کے ساتھ معاہدے کی تقریب میں شریک ہوں گا، امریکی صدر

0

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت میں پاکستان نے بہت زبردست کردار ادا کیا ہے، ڈیل ہو گئی تو ہو سکتا ہے میں اسلام آباد جاؤں۔

واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بہت زبردست شخصیات ہیں۔ اگر ایران ڈیل پر اسلام آباد میں دستخط ہوئے تو میں بھی شرکت کر سکتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ایران جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر آمادہ ہو چکا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہو رہی ہے، معاہدہ طے پانے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، اور اگلی ملاقات ویک اینڈ پر ہو سکتی ہے۔

واشنگٹن میں گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں اور امریکا اس حوالے سے ایران کے ساتھ مؤثر انداز میں بات چیت کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے میں کافی پیشرفت ہو چکی ہے اور تہران اب ان نکات پر بھی آمادگی ظاہر کر رہا ہے جن پر پہلے تیار نہیں تھا۔

امریکی صدر نے بتایا  ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، جبکہ اگلی ملاقات رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔ ان کے مطابق ایران افزودہ یورینیم امریکا کے حوالے کرنے پر بھی آمادہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہو سکا تو دوبارہ جنگ چھڑنے کا خدشہ موجود ہے، تاہم وہ امید رکھتے ہیں کہ بات چیت کامیاب ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.