کوہاٹ میں تیل و گیس کی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی دریافت، توانائی شعبے میں بڑا سنگِ میل
کوہاٹ:او جی ڈی سی ایل نے کوہاٹ کے نشپا بلاک میں باراگزئی ایکس-1 کنویں سے تیل و گیس کی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی دریافت کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کنویں سے کمرشل پیداوار کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی توانائی سکیورٹی کے لیے اہم سنگِ میل ہے اور اس منصوبے سے سالانہ 329 ملین ڈالر زرمبادلہ کی بچت ممکن ہوگی۔
او جی ڈی سی ایل کے اعلامیے کے مطابق باراگزئی ایکس-1 کنواں ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ پیداوار دینے والا کنواں بن چکا ہے، جہاں سے یومیہ 15 ہزار بیرل تیل اور 4 کروڑ 50 لاکھ مکعب فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے۔ مستقبل میں پیداوار کو بڑھا کر 25 ہزار بیرل یومیہ اور 6 کروڑ مکعب فٹ گیس تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ ملک کے دشوار گزار علاقوں میں سے ایک میں مکمل کیا گیا، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ اور مؤثر آپریشنز کو یقینی بنایا گیا۔ ایک اہم کامیابی کے طور پر 8 کلومیٹر طویل پائپ لائن ریکارڈ وقت میں بچھائی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ باراگزئی ایکس-1 کنواں پاکستان کی مجموعی خام تیل پیداوار میں تقریباً 10 فیصد حصہ ڈال رہا ہے، جو ملکی توانائی کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
