ویسٹا میری ٹائم کا انڈونیشیا دورہ، سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت
دبئی(نورحسن عاصم) ویسٹا میری ٹائم ٹریول اینڈ ٹورازم ایل ایل سی کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بالی اور جکارتہ، انڈونیشیا کا دورہ کیا، جس کا مقصد سیاحت، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے مواقع کا جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران وفد نے انڈونیشیا کی وزارتِ سیاحت کے حکام، متحدہ عرب امارات کے سفیر برائے انڈونیشیا عبداللہ سالم عبید الدہری، پاکستان کے سفیر برائے انڈونیشیا و آسیان زاہد حفیظ چوہدری سمیت متعدد اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، سیاحت کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ویسٹا میری ٹائم ٹریول اینڈ ٹورازم اور انڈونیشیا کے سیاحتی شراکت داروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MOU) پر بھی دستخط کیے گئے۔ ڈاکٹر ظفر نے کہا کہ بالی اور جکارتہ عالمی معیار کی سیاحتی منزلیں ہیں اور ان مقامات کو مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے سیاحوں کے لیے مزید متعارف کرانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وفد نے بالی کے مختلف سیاحتی اور کاروباری مراکز کا دورہ بھی کیا اور باہمی تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور کاروباری روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
