بلوچستان میں نجی شعبے کے اشتراک سے طبی سہولیات کی بہتری کا فیصلہ
کینسر، ایمرجنسی اور دیگر امراض کے علاج کے دائرہ کار میں توسیع پر اجلاس میں غور
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت حکومت اور نجی شعبے کے درمیان طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں بلوچستان میں نجی شعبے کے اشتراک سے ایمرجنسی، کینسر اور دیگر موذی امراض کے علاج کی سہولیات کو وسعت دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت معیاری نجی طبی اداروں کی خدمات حاصل کرکے عوام کو مقامی سطح پر بہتر اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کرے گی تاکہ شہریوں کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کینسر اور دیگر سنگین امراض کا بروقت اور معیاری علاج مقامی سطح پر یقینی بنایا جائے گا، جبکہ طبی تعلیم اور ریسرچ کے فروغ پر خصوصی توجہ دے کر صحت کے شعبے میں ماہر افرادی قوت میں اضافہ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد بلوچستان میں صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔
