گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 7 جون کو ہوگی
کاغذات نامزدگی 16 سے 20 اپریل تک جمع ہوں گے، انتخابی نشانات 12 مئی کو الاٹ کیے جائیں گے
گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت علاقے میں پولنگ 7 جون کو ہوگی۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 16 اپریل سے 20 اپریل تک جمع کرا سکیں گے، جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 21 اپریل کو جاری کی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 اپریل سے 28 اپریل تک جاری رہے گی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کے لیے 2 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے، جبکہ اپیلیٹ ٹربیونلز 9 مئی کو ان اپیلوں پر فیصلے سنائیں گے۔
انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی نظرثانی شدہ حتمی فہرست 10 مئی کو جاری کی جائے گی، جبکہ امیدواروں کو انتخابی نشانات 12 مئی کو الاٹ کیے جائیں گے۔
الیکشن شیڈول کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام حلقوں میں پولنگ 7 جون کو ایک ہی روز منعقد ہوگی، جس کے لیے انتظامی اور سکیورٹی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
