ملک بھر میں بجلی بحران شدت اختیار کر گیا، پنجاب میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ
شارٹ فال ساڑھے 3 ہزار میگاواٹ سے تجاوز، لاہور میں بھی 6 گھنٹے تک بجلی بندش
اسلام آباد: ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں بجلی کی صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے اور مجموعی شارٹ فال ساڑھے 3 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ رہا ہے، جبکہ لیسکو کے نظام میں بجلی کی کمی ایک ہزار میگاواٹ سے زیادہ ہو چکی ہے۔
این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق آر ایل این جی، ہائیڈرو اور فرنس آئل کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کا باقاعدہ شیڈول جاری نہ کرنے کے باعث صارفین کو غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، جہاں کئی علاقوں میں 2 گھنٹے کے بجائے 6، 6 گھنٹے تک بجلی غائب رہتی ہے۔
حکام کے مطابق موجودہ صورتحال مزید کئی روز تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے، جس سے شہریوں اور کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔
