وزیراعظم شہباز شریف اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ
سعودی عرب، قطر اور ترکیہ میں اعلیٰ سطح ملاقاتیں، انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت بھی شیڈول
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، جہاں سے وہ اپنے تین ملکی دورے کا آغاز کریں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 15 سے 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کا دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم اپنے دورہ سعودی عرب اور قطر کے دوران دونوں ممالک کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری، اور علاقائی امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ان کی ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
