ترک مسلح افواج کے وفد کا دورہ :پاک-ترکی دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
راولپنڈی: ترکی کی مسلح افواج کے ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل لیونٹ ارگون نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف نے کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، خطے میں جاری اسرائیل، امریکا اور ایران کشیدگی کے تناظر میں بحری سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان عسکری تعاون کو مزید فروغ دیا جائے، بالخصوص تربیت اور مشترکہ فوجی مشقوں پر توجہ مرکوز کی جائے۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے خطے میں بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا، جبکہ ترک جنرل نے پاکستان نیوی کی کوششوں اور مشترکہ بحری سلامتی کے فروغ میں اس کے کردار کو سراہا۔
یہ دورہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے اسٹریٹجک تعلقات اور محفوظ و مستحکم بحری ماحول کے قیام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
