کراچی: گیس لیکیج دھماکہ کیس، عدالت کا سوئی سدرن گیس کمپنی کو 3 کروڑ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم
کراچی: مقامی عدالت نے گیس لیکیج کے باعث دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے کیس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کو غفلت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے مدعی کو ایک ماہ کے اندر 3 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 2022 میں اورنگی ٹاؤن کی ملت کالونی میں گیس لیکیج کے باعث گھر میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں درخواست گزار کے والدین جاں بحق ہو گئے تھے۔ وکیل کے مطابق متعدد شکایات کے باوجود گیس لائن کی مرمت نہیں کی گئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے شواہد کی روشنی میں کمپنی کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ متاثرہ خاندان کو ایک ماہ کے اندر 3 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کیا جائے۔ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ کمپنی کے گواہ نے درخواست گزار کی جانب سے پیش کردہ گیس بل کو درست تسلیم کیا۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ گیس لیکیج کے باعث دھماکہ پیش آیا اور متعلقہ ادارہ اس کی روک تھام میں ناکام رہا، جبکہ گیس کی ترسیل کرنے والا ادارہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کا پابند ہوتا ہے۔
