مارجن میں اضافے کا مطالبہ، پٹرول پمپ ڈیلرز کی ملک گیر ہڑتال کی دھمکی
اسلام آباد: پٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مارجن میں اضافہ نہ کیے جانے پر ایک بار پھر ملک بھر میں پٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن سمیع خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مگر ڈیلرز کا مارجن بدستور کم سطح پر برقرار ہے، جس سے کاروبار چلانا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ڈیلرز کا مارجن فوری طور پر نہ بڑھایا تو پٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک گیر سطح پر سخت لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما ہمایوں خان نے بھی حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ڈیلرز کا مارجن نہیں بڑھایا گیا، جس سے کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال یہی رہی تو پٹرول پمپس ازخود بند ہونا شروع ہو جائیں گے، جس سے ملک میں ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
