پیٹرول مہنگا رہا تو گڈز ٹرانسپورٹ بند، ڈمپر ایسوسی ایشن کی وارننگ
حیدرآباد: آل ٹرک ڈمپر ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں نے ٹرانسپورٹرز کو شدید مالی دباؤ میں ڈال دیا ہے، جس کے باعث کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر نے سندھ حکومت کی جانب سے سبسڈی سے متعلق بیانات کو غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عملی ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام کر دیا جائے گا۔
ادھر چیئرمین پٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ ڈیلرز کا مارجن انتہائی کم ہے، اور اگر اسے بڑھایا نہ گیا تو پٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق اگر ٹرانسپورٹرز اور پٹرول پمپ ڈیلرز دونوں نے احتجاج یا ہڑتال کی طرف قدم بڑھایا تو ملک میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور ایندھن کی فراہمی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔
