سندھ کے سوا ملک بھر میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ، اطلاق 7 اپریل سے ہوگا
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے سندھ کے علاوہ ملک بھر میں بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق روزمرہ استعمال کی اشیا کی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور شاپنگ مالز بھی رات 8 بجے تک بند ہو جائیں گے، جبکہ بیکریاں، ریسٹورنٹس، تندور اور دیگر کھانے پینے کی دکانیں رات 10 بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ میرج ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے کے بعد بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ نجی گھروں اور پراپرٹیز میں شادی بیاہ کی تقریبات پر بھی رات 10 بجے کے بعد پابندی ہوگی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔ یہ فیصلے 7 اپریل سے نافذ العمل ہوں گے۔
فیصلے کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ان فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا، جبکہ سندھ میں اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بازاروں اور شاپنگ مالز کو رات 9 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
یہ اقدامات بڑھتی ہوئی توانائی کی قیمتوں اور ایندھن کے استعمال میں کمی لانے کے لیے کیے گئے ہیں، تاکہ ملک میں توانائی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے اور معاشی دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
