بلوچستان: شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال،7 افراد ہلاک ،درجنوں مکان تباہ
کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز سے جاری بارشوں اور سیلابی صورتحال نے عوامی زندگی متاثر کر دی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں کوئٹہ، ہرنائی، کوہلو، تربت، جعفرآباد، لورالائی اور کچی میں ہلاکتیں اور زخمی رپورٹ ہوئے ہیں۔
کچی میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچی جبکہ دیگر علاقوں میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ دریاۓ ناڑی میں پشتے میں شگاف کے نتیجے میں تقریباً 100 مکانات تباہ اور 50 سے زائد مویشی ہلاک ہوئے۔ 400 ایکڑ زرعی اراضی بھی زیرِ آب آ گئی۔
ہرنائی تا کوئٹہ اور ہرنائی تا سنجاوی شاہراہیں بند ہیں، جبکہ چمن اور ہرنائی میں فلش فلیڈنگ کے باعث ندی نالے راستوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ قلعہ عبداللہ میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور آمدورفت محدود کر دی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، سیلابی ریلے میں پھنسے 15 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، اور مختلف اضلاع میں سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
بالا ناڑی میں پشتے کے ٹوٹنے سے بھی مکانات اور مویشیوں کو نقصان پہنچا۔ جھل مگسی میں گنداواہ نوتال روڈ سیلابی ریلے کے باعث بند ہے۔صوبہ کے شمال مشرقی اور سرحدی اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، اور زرعی شعبہ کو خاص نقصان پہنچا ہے۔
