سابق ریجنل ڈائریکٹر جنرل ہزارہ کا اختیارات کے استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کا اعتراف
پشاور: سابق ریجنل ڈائریکٹر جنرل ہزارہ، عامر اسرار نے اپنی مدت ملازمت ختم ہونے کے باوجود اختیارات کے استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کا خود تحریری طور پر اعتراف کر لیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق، دو ماہ تک سیٹ خالی ہونے کے باوجود انہوں نے 8 اضلاع کے ڈی ایچ اوز اور ایم ایسز کے ٹی اے/ڈی اے بلز منظور کروا کر سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے نکلوائے۔
جون 2025 میں پیٹرول، وزٹ پلانز اور دیگر اخراجات کی مد میں غیر قانونی طور پر رقوم جاری کی گئیں۔ علاوہ ازیں، بغیر اضافی چارج کے تبادلوں، تعیناتیوں اور ریٹائرمنٹ آرڈرز بھی جاری کیے گئے، جبکہ نئی مشینری، اسٹیشنری اور دیگر خریداریوں میں مالی بے ضابطگیوں کا بھی انکشاف ہوا۔
نئے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد علی جدون کی تعیناتی کے بعد بھی سابق افسر سے متعلقہ ریکارڈ حاصل نہیں ہو سکا۔ کیش بک، چیک بکس، بجٹ اخراجات اور دفتری ریکارڈ غائب ہیں۔ معاملے پر سیکرٹری صحت کو تحقیقات کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
