تیز بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم اپر کوہستان میں متعدد مقامات پر بند
دیامر: تیز بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم اپر کوہستان کے مختلف مقامات پر بند ہو گئی ہے۔
پولیس کے مطابق سازین سے داسو کے درمیان کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے سبب ٹریفک معطل ہے، جبکہ چلاس کے قریب منیار میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ قراقرم بند ہے۔
چلاس تا گلگت سیکشن ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلا ہے، تاہم بندش کے باعث مسافروں کو چلاس اور لوئر کوہستان میں روک دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مال بردار گاڑیاں بھی پھنس گئی ہیں اور سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ شاہراہ کی بحالی کے لیے فوری کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ سوات، شانگلہ اور بونیر میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے فلیش فلڈ کے امکانات کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
