نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے رابطہ ،پاکستان کا کویت کے ساتھ اظہار یکجہتی
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گذشتہ شب کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ پاکستان نے کویت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ حالات اور کویت پر ہونے والے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا پیغام دیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے فوری طور پر بات چیت اور کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں زیر غور امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور کویت کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک نے مستقبل میں سیاسی اور سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔
