رائل نیوی آف عمان کے کمانڈر کی نیول ہیڈکوارٹرز آمد، پاکستان نیوی سے وائٹ شپنگ معلومات کے تبادلے پر ایم او یو پر دستخط

0

راولپنڈی:رائل نیوی آف عمان کے کمانڈر ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرہبی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز (ملٹری)، تمغۂ بسالت سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں بحری سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و عمان کے درمیان دوطرفہ بحری تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ عمانی نیول کمانڈر نے پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کے لیے اس کی مسلسل خدمات کا اعتراف کیا۔

بعد ازاں نیول ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف اور کمانڈر رائل نیوی آف عمان کے درمیان وائٹ شپنگ معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد معلومات کے تبادلے کے لیے رہنما اصول اور طریقۂ کار وضع کرنا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان وائٹ شپنگ سے متعلق باہمی آگاہی اور تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

پاکستان اور عمان جغرافیائی قربت کے حامل برادر ممالک ہیں اور دونوں کے درمیان مشترکہ بحری سرحدیں موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں معاشی تعاون، عوامی روابط اور مضبوط دفاعی شراکت داری شامل ہے۔ پاکستان نیوی اور رائل نیوی آف عمان کے درمیان گہرے پیشہ ورانہ تعلقات قائم ہیں، جن کا اظہار ایکسپرٹ لیول اسٹاف ٹاکس (ELSTS)، تربیتی تعاون، دوطرفہ بحری مشقوں اور کثیر القومی مشقوں میں شرکت کے ذریعے ہوتا ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق اس مفاہمتی یادداشت سے نہ صرف پاکستان اور عمان کے درمیان بحری تعاون کو مزید تقویت ملے گی بلکہ خطے میں محفوظ اور مستحکم بحری ماحول کے قیام میں بھی مدد ملے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.