فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس، دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائی کا عزم

0

راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے آغاز پر مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

فورم نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں اور غیر ملکی ایماء پر دہشت گردی کے فروغ کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع میں مصروف اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ قوم کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ملک کے دفاع اور امن و استحکام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے حالیہ مہینوں کے دوران ملک بھر میں انٹیلی جنس پر مبنی انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں افواجِ پاکستان کی پُرعزم کاوشوں کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کے باعث پاکستان بتدریج مگر یقینی طور پر استحکام، وسیع تر مواقع اور عزت و وقار کی جانب بڑھ رہا ہے۔

کانفرنس کے دوران اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا اور ملک کو درپیش موجودہ و ممکنہ خطرات کے تناظر میں آپریشنل تیاریوں پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے ساتھ فیصلہ کن اور بلا رعایت نمٹا جائے گا۔

فورم نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان کسی بھی قسم کے گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ قومی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، خواہ وہ عناصر کسی بھی پس منظر سے تعلق رکھتے ہوں۔ اسی طرح مسلح افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

کانفرنس میں بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا گیا جو مقامی سطح پر عوام کو بااختیار بنانے، سماجی روابط کو فروغ دینے اور گورننس سے جڑے دہشت گردی کے عوامل کے خاتمے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ شرکاء نے پائیدار امن و استحکام کے لیے قومی ایکشن پلان کے مطابق دیگر علاقوں میں بھی اسی طرز کے عوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی توثیق کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی اور ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابلِ اعتماد راستے کا مطالبہ کیا گیا۔

کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس، جدید جدتوں کے استعمال اور میدانِ جنگ میں اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار کو ہر صورت برقرار رکھیں۔ انہوں نے پاک فوج کی اس صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کنونشنل، سب کنونشنل، ہائبرڈ اور غیر متناسب ہر قسم کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.