فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی راولپنڈی کے چرچ میں کرسمس تقریبات میں شرکت، مسیحی برادری کو مبارکباد
راولپنڈی:آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے راولپنڈی کے کرسٹ چرچ میں کرسمس کی تقریبات میں شرکت کی اور مسیحی برادری کے ساتھ خوشیوں میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مساوات، آزادی اور مذہبی رواداری کے وژن کو اجاگر کیا اور کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے نظریے کی بنیاد ہے۔
تقریب کے دوران شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے قومی ترقی اور سلامتی میں پاکستانی مسیحیوں کی خدمات کو سراہا، بالخصوص پاکستان مسلح افواج میں ان کی نسل در نسل نمایاں اور قابلِ فخر خدمات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طاقت تنوع، مساوی مواقع اور مذہب، نسل، ذات اور عقیدے سے بالاتر مشترکہ آئینی اقدار میں مضمر ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے آئینِ پاکستان کے مطابق تمام شہریوں کے وقار، سلامتی اور مساوی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے رہنماؤں نے فیلڈ مارشل کے دورے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے وطن کے دفاع، شمولیت، مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں پاکستان مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔
