جنگ بندی میں پاکستان کا کردار عالمی سطح پر تسلیم، مریم نواز کا وزیراعظم اور آرمی چیف کو خراج تحسین
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے جنگ بندی کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ عالم میں جب بھی اس جنگ کا ذکر ہوگا تو پاکستان کا نام نمایاں طور پر لکھا جائے گا، کیونکہ دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچانے میں پاکستان کی کوششیں فیصلہ کن ثابت ہوئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار تسلیم کیا جانا ایک بڑا اعزاز ہے، اور ملک نے عالمی و علاقائی سیاست میں غیر معمولی سفارتی توازن کا مظاہرہ کیا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مشترکہ کاوشوں سے دنیا ایک بڑے خطرے سے محفوظ رہی، اور امید ظاہر کی کہ پاکستان میں ہونے والے امن مذاکرات بھی کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دنیا کی قدیم تہذیبوں کو بچانے کے لیے پاکستان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
