وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر کی ملاقات، پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کے عزم کا اعادہ

0

اسلام آباد: وزیراعظم  شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات گہرے باہمی اعتماد، فولاد کی طرح مضبوط دوستی اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سمیت چینی قیادت اور عوام کو نئے چینی سال کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اقتصادی، سلامتی اور ترقیاتی شعبوں میں پاکستان کے لیے چین کی مستقل حمایت کو سراہا۔

وزیراعظم نے خصوصاً چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا اہم حصہ ہے، اور اس کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں چینی اہلکاروں، سرمایہ کاری اور اداروں کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم کو پاک چین تعلقات میں حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور چینی قیادت کی نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.